کراچی میں اونچے درخت؟
پہلے کراچی میں اونچے درخت بہت زیادہ نظر آتے تھے لیکن اب ڈھونڈنے سے بھی نہیں ملتے۔
بچپن میں ہم کافی اونچے اونچے درخت دیکھا کرتے تھے، آبادی کے دباؤ اور گھروں کی تعمیر کے سلسلے میں وقت کے ساتھ ساتھ وہ درخت کٹتے گئے اور اب بڑے درخت مشکل سے ہی نظر آتے ہیں۔
کراچی شہر میں گرمی کی شدت میں ہر سال اضافہ ہوتا جا رہا ہے، ضرورت اس بات کی محسوس ہو رہی ہے کہ درخت زیادہ سے زیادہ لگائے جائیں۔ اس سلسلے میں عوامی اور کچھ حکومتی سطح پر کام ہو رہا ہے۔ لیکن گرمی کی شدت میں کمی ابھی تک محسوس نہیں ہو رہی ہے۔
مجھے خیال آیا کہ جب تک اونچے اور بڑے درخت نہیں لگیں گے تب تک مسئلہ حل نہیں ہوگا، تو سوچا کہ کیوں نہ ایک جائزہ لیا جائے کہ کراچی میں بڑے درخت آخر کتنے ہیں؟
میں نے سہراب گوٹھ سے بقائی میڈیکل یونیورسٹی تک سفر کے دوران اس بات کا مشاہدہ کیا کہ راستے میں کتنے اونچے درخت آتے ہیں۔ سہراب گوٹھ سے نیپا تک تو نوزائدہ درخت نظر آئے جس میں زرگ گل نمایاں تھے، نیپا سے کراچی یونیورسٹی تک خوب ہریالی نظر آئی جس میں نیم اور کونو کارپس کے درخت نمایاں تھے لیکن کوئی بھی زیادہ اونچا نہیں تھا جبکہ نیم کے درخت تو کافی سالوں سے لگے ہوئے ہیں۔
آگے صفورہ تک تو سب بنجر تھا لیکن صفورہ سے ملیر کینٹ تک پورے روڈ میں دونوں اطراف خوب ہریالی ہی ہریالی تھی مگر افسوس کی بات کہ ان میں بھی کوئی اونچا درخت مشاہدے میں نہ آسکا۔
آگے کے سفر میں بقائی یونیورسٹی تک زیادہ تر نیم کے وہ درخت تھے جو حال ہی میں لگائے گئے تھے۔ آگے جاکر بقائی کیڈٹ کالج میں کئی بڑے اور اونچے درختوں پر نظر پڑی اور دل میں اللہ کا شکر ادا کیا کہ کہیں تو مجھے میرے مطلوبہ درخت ملے۔
تو یہ حال ہے کراچی شہر کا۔ اگر آپ کے مشاہدے میں ایسی کوئی بات ہے تو ہم سب سے ضرور شئیر کریں۔
Comments
Post a Comment
آپ کی رائے ہمارے لئے بہت قیمتی ہے۔